0

پیپلز پارٹی نے سلیم حیدر کو پنجاب، فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا کا گورنر نامزد کردیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی نے سردار سلیم حیدر کو پنجاب، فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا اور جعفر مندوخیل کو بلوچستان کا گورنر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں گورنرز کے انتخاب کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر اپنے امیدوار تبدیل کر لیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نئے گورنرز کی تقرری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا. بلاول بھٹو زرداری ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا اور ظہرانہ دیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ گورنرز کی تقرری پر بھی مشاورت کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے مختلف نام تجویز کیے جن میں سے 2 صوبوں میں پیش کیے گئے ناموں کی وزیراعظم نے منظوری دے دی۔ اجلاس میں فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا، جعفر مندوخیل کو بلوچستان کا گورنر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ سندھ کے گورنر کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا۔اور کامران ٹیسوری بطور گورنر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ اس کے علاوہ بلاول بھٹو کی تجویز پر سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے رہنما سردار سلیم حیدر کو پنجاب کا گورنر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضیٰ، شہزاد سعید چیمہ، سردار سلیم حیدر اور ندیم افضل چن بھی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں