0

صدر زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف و دیگر کی ایسٹر کی مبارکباد

صدر آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ آصف زرداری نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، مسیحی برادری نے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسٹر ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، رواداری اور معافی کی یاد دلاتا ہے اور ان اقدار کو اپنا کر ہم دنیا کو امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور اس کی سماجی اور معاشی ترقی میں مسیحی برادری کا بہت بڑا کردار ہے، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے، آئیں مل کر برداشت اور مربوط معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں۔ انہوں نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر محبت اور باہمی احترام کے جذبے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے اور تمام اقلیتوں کو تمام ذاتی اور مذہبی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں