0

والد کو لگتا ہے میں عظیم جاوید میانداد کی طرح کھیلتا ہوں، سرفراز خان

پہلی بار بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے والے سرفراز خان نے کہا ہے کہ ان کے والد کو لگتا ہے کہ وہ پاکستانی بیٹر جاوید میانداد کی طرح کھیلتے ہیں۔بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے سرفراز خان نے کرکٹ کے سفر میں اپنے والد کے کردار کے بارے میں بات کھل کر بات کی ہے۔ بھارتی پلیئر نے کہا کہ میرے والد نے مجھے بتایا ہے کہ میں پاکستان کے عظیم بلے باز جاوید میانداد کی طرح کھیلتا ہوں۔ایک خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میں ویرات کوہلی، اے بی ڈی ویلیئرز، سر ویوین رچرڈز، اور جاوید میانداد کی بیٹنگ ویڈیوز دیکھنا پسند کرتا ہوں۔سرفراز نے کہا کہ میں جو روٹ کی بیٹنگ بھی دیکھتا ہوں۔ میں کامیاب پلیئرز کو دیکھتا ہوں، میں یہ دیکھتا ہوں کہ وہ کیسے کھیلتے ہیں تاکہ میں سیکھ سکوں اور اسے اپنی بیٹنگ میں اپنا سکوں۔بھارتی پلیئر نے بتایا کہ میرے والد نے مجھے کرکٹ سے متعارف کرایا۔ میں نیچرل طور پر ایک اٹیکنگ بلے باز ہوں اور شروع میں دوسروں کے مقابلے میں جلد آؤٹ ہو جاتا تھا۔نھوں نے کہا کہ سلیکشن ٹرائلز سے پہلے ٹیرس یا سڑک پر ہی والد مجھے باؤلنگ کرانا شروع کر دیتے تھے۔ اب جاکر مجھے ان کوششوں کے اثرات اور اہمیت کا احساس ہوتا ہے۔جب میں یوپی سے ممبئی واپس آیا تو مجھے ڈر تھا کہ کیا میرا کیریئر آگے نہیں بڑھے گا لیکن میرے والد ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے۔ میرے والد کو ہمیشہ محنت پر یقین تھا اور میرے پاس جو کچھ ہے وہ اسی محنت کا نتیجہ ہے۔واضح رہے کہ سرفراز خان انگلینڈ کے خلاف جمعہ سے وشاکاپٹنم میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی طرف سے اپنا ڈیبیو کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں