0

سلمان اکرم راجہ کا بانیٔ پی ٹی آئی سے وفاداری کا قرآن پر حلف

لاہور :لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ نے قرآن پاک پر حلف اٹھایا ہے۔سلمان اکرم راجہ نے قرآن پاک پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے وفاداری کا حلف لیا۔پی ٹی آئی کے امیدوار نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد ہم ایوان میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی ہوں گے، سب سے پہلے میں خود قرآنِ پاک پر حلف لیتا ہوں۔انہوں نے حلف میں کہا کہ منتخب ہونے پر پی ٹی آئی اور بانیٔ پی ٹی آئی کا وفادار رہوں گا، پارلیمنٹ کے اندر میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا ممبر رہوں گا۔سلمان اکرم راجہ کا حلف میں کہنا ہے کہ تصور بھی نہیں کر سکتا کہ میں پی ٹی آئی یا بانیٔ پی ٹی آئی سے غداری کروں۔انہوں نے کہا کہ افواہ پھیلائی جا رہی ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار جیت کر دیگر پارٹیوں میں چلے جائیں گے، یہ افواہ ہے اور سراسر غلط بات ہے۔سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ جس نے کاغذاتِ نامزدگی میں کہا کہ وہ پی ٹی آئی کا ہے، وہ جیت کر بھی وہیں رہے گا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ ہم آزاد امیدوار ہیں، میں نے کاغذاتِ نامزدگی میں لکھا ہے کہ میں پی ٹی آئی کا امیدوار ہوں، میں نے پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ٹکٹ بھی آر او کو جمع کرایا ہے، کوئی مجھے کس طرح آزاد کہہ سکتا ہے؟سلمان اکرم راجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ سب امیدواروں کو قرآن پاک پر حلف لینا چاہیے، ہم بانی اور پارٹی کے وفادار رہیں گے، کسی لالچ اور کسی خوف میں نہیں آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں