0

دہشت گردی کیخلاف جنگ پاکستان جیت چکا بس اعلان باقی ہے، نگراں وزیراعظم نے خبردار کر دیا

اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے بس اس کا اعلان ہونا باقی ہے۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم نے ڈی آئی خان میں کمبائنڈ ملٹری اسپتال کا دورہ کیا اور ڈی آئی خان میں دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ انوارالحق نے کہا کہ حملہ آور کو بتانا چاہتا ہوں یہ جنگ آپ ہار چکے ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان جیت چکا ہے بس اعلان باقی ہے۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد ہاری ہوئی اور ہم جیتی ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں۔ آج سی ایم ایچ ڈی آئی خان پہنچ کرسوچتا رہا کہ کیا کہوں گا۔ نگراں وزیراعظم نے ان جوانوں کو حوصلہ دینا تھا انھوں نے مجھے حوصلہ دیا.انھوں نے کہا کہ ہمارے کئی ہزار شہید ہوچکے ہیں اور کئی ہزار تیار ہیں۔ یہ دہشت گرد ایک حملہ کریں گے ہم 10 قدم بڑھائیں گے۔انوارالحق کا کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں کے جذبے جوان ہیں۔ دہشت گرد 10 حملے کریں گے ہم 100 قدم آگے بڑھائیں گے۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ایسی قوم کی جیت یقینی ہے جس کے ایسے بہادر افسران و فوجی جوان ہوں۔ جوان وطن کی حفاظت کیلئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ایک بہادر و مضبوط قوم ہے۔ ہماری افواج دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر منہ توڑ جواب دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں