0

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

مشرق وسطیٰ :مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے پیش نظر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی سامنے آئی ہے جس کی وجہ جنگ کے خدشات میں کمی بتائی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو کم کرنے کے مطالبے کی خبروں کے حوالے سے جمعرات کو تیل کی قیمت 2 ڈالر فی بیرل سے زیادہ گرگئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچر 2.20 ڈالر یا 2.44 فیصد کم ہوکر 87.93 ڈالر فی بیرل طے ہوا جو کہ بدھ کو برینٹ تقریباً 2فیصد زیادہ طے ہوا تھا۔ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچر 2.18 ڈالر یا 2.55 فیصد کمی کے ساتھ 83.21 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع سے عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی اثر انداز ہونے کے خدشے کے باعث گزشتہ دنوں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جو خطے میں ایران اور اس کے اتحادیوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے تاہم ان خدشات میں جمعرات کی دوپہر تک کمی کا امکان تھا۔دوسری جانب جمعرات کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق امریکی معیشت نے تیسری سہ ماہی میں تقریباً دو سال میں سب سے تیز رفتار ترقی کی، جس سے ان توقعات میں اضافہ ہوا کہ فیڈرل ریزرو بینک زیادہ دیر تک شرح سود برقرار رکھ سکے گا۔واضح رہے کہ امریکہ اور دیگر ممالک اسرائیل پر زور دے رہے ہیں کہ وہ غزہ پر مکمل حملے میں تاخیر کرے جو کہ تقریباً تین ہفتوں سے جاری ہے۔علاوہ ازیں سعودی عرب اور روس کی سربراہی میں اوپیک پلس نے اس سال کے شروع میں پیداوار میں 1.3 ملین یومیہ کی کمی کی اور ستمبر میں سال کے آخر تک پیداوار میں کمی کو بڑھا دیا۔عالمی سطح پر تیل کی قیمت 90.72 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو کہ 15 دن پہلے 87.74 ڈالر فی بیرل تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں