0

ویڈیو: ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنانے سے پہلے میکسویل نے کیا کھایا؟

آسٹریلیا :آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے نیدر لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنائی لیکن اس طوفانی اننگ سے قبل ان کے کچھ کھانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔بھارت میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں دلچسپ اور ہائی اسکورنگ میچ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ دو روز قبل آسٹریلیا نے نیدر لینڈ کے خلاف 399 رنز اسکور کیے اس میچ کی خاص بات کینگرو آل راؤنڈر میکسویل کی جارحانہ سنچری تھی۔ انہوں 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 8 بلند وبالا چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔اس سنچری کے ساتھ ہی میکسویل نے رواں ورلڈ کپ کے ایک میچ میں جنوبی افریقی بلے باز ایڈم مارکرم کا تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ چند روز بعد ہی اپنےنام کر لیا۔ میچ کے بعد آئی سی سی نے ویڈیو اینڈ فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام کے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں میکسویل کے بیٹنگ کے لیے میدان میں جانے سے قبل باؤنڈری لائن سے باہر انہیں کچھ کھاتے اور اس کے بعد ہیلمٹ پہن کر میدان میں جاتے دکھایا گیا ہے جو درحقیقت دوا تھی کیونکہ وہ بیمار تھے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس سنچری کا موازنہ سابق جنوبی افریقی بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کے سنچری سے کیا اور دونوں سنچریوں کے کے پیچھے چھپی یکساں حقیقت کا انکشاف کیا کہ گلین میکسویل اور اے بی ڈی ویلیئرز کی سنچریاں بنانے سے قبل طبعیت نا ساز تھی۔ آئی سی سی نے میکسویل کی بیٹنگ پر جانے سے قبل دوا کھانے کی ویڈیو پر دلچسپ کیپشن لکھا کہ ’’ابھی بھائی کی طبیعت ناساز ہے شاید سنچری بنا دے‘‘۔اس ویڈیو کو لاکھوں صارفین دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں جب کہ اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب گلین میکسویل نے نیدرلینڈز کے خلاف ہٹنگ کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ میری سارا دن طبیعت ناساز رہی اور میں ڈریسنگ رُوم میں بیٹھا ہوا تھا، اس وقت میرا دل بیٹنگ کرنے کا نہیں کر رہا تھا جب کہ اس سے قبل پچھلے میچ میں بیٹنگ کے لیے میں شدت سے منتظر تھا، مجھے اتنی کوئی امید نہیں تھی لیکن جب میں بیٹنگ کرنے گیا تو کافی تازہ دم تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں