0

ورلڈ کپ: آسٹریلوی اوپنرز کی سنچریاں، ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل

اسلام آباد:ون ڈے ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف طوفانی بیٹنگ جاری ہے اور دونوں اوپنرز نے سنچریاں مکمل کر لی ہیںآئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بالرز کو آزمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جو انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے اننگ کا آغاز کیا اور بھوکے شیروں کی طرح پاکستانی بالرز پر ٹوٹ پڑے اور شروع سے ہی جارحانہ بیٹنگ کرتے گرین شرٹس کے اوسان خطا کر دیے۔دونوں اوپنرز نے میدان کے چاروں طرف چوکوں چھکوں کی برسات کر دی پہلے 12 ویں اوور میں ٹیم کی سنچری اور پھر 30 ویں اوور میں ڈبل سنچری مکمل کرا دی۔اس دوران اوپنرز نے اوپر تلے محمد نواز کے اوور میں اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔ 31 ویں اوور کے آسٹریلیا نے 214 رنز بنا لیے تھے۔ وارنر 100 اور مچل مارش 101 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور آؤٹ آف فارم نائب کپتان شاداب خان کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔اس سے قبل بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ میچ میں اچھی بیٹنگ نہیں کر سکے مختلف کمبی نیشن آزمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آج ہماری کوشش ہوگی کہ جلد وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلیا پر دباؤ بڑھائیں۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے فیلڈنگ ہی کرتے مگر بیٹنگ سے بھی خوش ہیں اور تمام کھلاڑی میچ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔پاکستان:بابر اعظم (کپتان) امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، افتخار احمد، سعود شکیل، اسامہ میر، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف
آسٹریلیا:پیٹ کمنز (کپتان) مچل مارش، ڈیوڈ وارنر، اسٹیون اسمتھ، مارنس لبوشن، جوش انگلس، گلین میکس ویل، مارکو اسٹوینس، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زمپا۔واضح رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں پاکستان تین میں سے دو میچز جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے جب کہ آسٹریلیا کو تین میں سے صرف ایک میں فتح ملی ہے اور وہ دو پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔میگا ایونت میں دونوں ٹیمیں 10 بار مدمقابل آ چکی ہیں جس میں 6 بار آسٹریلیا جب کہ 4 بار پاکستان ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں