0

آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کیا ہوگی؟ ہیڈ کوچ نے بتا دیا

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کینگروز کے چیلنج کے لیے تیار ہیں لیکن قومی بولرز کو آج ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنا ہوگی۔بھارت میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور آسٹریلیا آج بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔میچ سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ ہمارا بولنگ اٹیک اس وقت اتنا ایکیوریٹ نہیں رہا ہے جیسا کہ کچھ وقت پہلے تک تھا تاہم گرین شرٹس کینگروز کے چیلنج کے لیے تیار ہیں اس کے لیے ہمیں بہت ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنا ہوگی۔گرانٹ بریڈ برن نے مزید کہا کہ چناسوامی اسٹیڈیم چھوٹا گراؤنڈ ہے جہاں کنڈیشنز کھیل کیلیے بہت اچھی ہیں، چھوٹی باؤنڈری کی وجہ سے یہ گراؤنڈ ہائی اسکورنگ رہا ہے جس پر بیٹرز نے ہمیشہ انجوائے کیا ہے لیکن بولرز کے لیے چیلنج ہوگا اور میرے خیال میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہو گی۔ہیڈ کوچ نے بھارت کے خلاف ہار کو ایک سبق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بھارت کے خلاف نتیجہ ہمارے حق میں نہیں تھا تاہم ہمیں اس میچ سے کچھ اہم باتیں سیکھنے کو ملی ہیں جو اس ٹورنامنٹ میں ہمیں کام آئیں گی۔ ٹورنامنٹ میں دس بہترین ٹیمیں موجود ہیں اور جیسا کہ ہم نے پچھلے ہفتے دیکھا ہے کہ کوئی بھی کسی کو ہرا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس ورلڈ کپ میں تیسرا میچ جیت کر تین ایک کے ساتھ چنئی جانا چاہتے ہیں جہاں ہمیں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا ہے۔ ہمیں آسٹریلیا کے اسٹائل اور طاقت کا اندازہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں انہیں ایکسپلائٹ کرسکتے ہیں۔گرانٹ بریڈ برن نے اعتراف کیا کہ اب تک ہم تینوں شعبوں میں صحیح معنوں میں پرفارمنس نہیں دے سکے ہیں لیکن ہمیں پتہ ہے کہ جب ہم یہ کریں گے تو اور بہتر ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں