0

وقار یونس نے ’’ورلڈ کپ 1999‘‘ سے متعلق بڑا اعتراف کر لیا

ورلڈ کپ 1999 کے اسکواڈ میں شامل سابق کپتان وقار یونس نے 24 سال بعد مذکورہ میگا ایونٹ سے متعلق بڑا اعتراف کر لیا ہے۔آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 1999 انگلینڈ کی سر زمین پر کھیلا گیا لیکن پاکستان کی پہلے بنگلہ دیش سے غیر متوقع شکست اور پھر پورے ایونٹ میں شاندار پرفارمنس کے بعد فائنل میں آسٹریلیا کیخلاف ذلت آمیز شکست نے اس ایونٹ کا پاکستانیوں کے لیے ڈراؤنا خواب بنا دیا جس کے بعد کھلاڑیوں کے گھروں پر مظاہرے، تنقید کا نہ تھمنے والا طوفان اور کرپشن کے الزامات کی گونج طویل عرصے تک سنائی دیتی رہی۔کرکٹ ناقدین 1999 کے گرین شرٹس اسکواڈ کو پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا سب سے تگڑا اسکواڈ گردانتے ہیں اور کئی تو یہ کہتے پائے گئے کہ اتنا مضبوط اور بلینس اسکواڈ نہ اس سے پہلے اور نہ ہی اب تک سامنے آیا ہے جس میں وسیم اکرم کی قیادت میں سعید انور، عامر سہیل، انضمام الحق، سلیم ملک، اعجاز احمد، ثقلین مشتاق، وقار یونس، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، شعیب اختر، اظہر محمود جیسے نامی گرامی کھلاڑی موجود تھے۔مذکورہ میگا ایونٹ کے 24 سال بعد اس اسکواڈ میں شامل وقار یونس جو پاکستان کے کپتان اور ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں نے ورلڈ کپ 1999 کے حوالے سے بڑا اعتراف کر لیا ہے۔بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے وقار یونس نے ورلڈ کپ 1999 کا ذکر کرتے ہوئے کہہ دیا کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اتنی مضبوط اور متوازن تھی کہ ٹیم کو ان (وقار یونس) کی ضرورت ہی نہیں تھی۔قار یونس جو مذکورہ ایونٹ میں صرف بنگلہ دیش کے خلاف ہی میچ کھیل سکے تھے اور وہ بھی غیر متوقع شکست کے بعد ایک تلخ یاد ہی ہے نے باقی تمام میچز باہر بیٹھ کر ہی دیکھے۔سابق بورے والا ایکسپریس نے کہا کہ اس وقت ٹیم میں وسیم اکرم، شعیب اختر، ثقلین مشتاق، عبدالرزاق، اظہر محمود اور شاہد آفریدی جیسے نام شامل تھے اس لیے انکی موجودگی میں میری جگہ نہیں بنتی تھی۔مذکورہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے کوچ مشتاق محمد نے اپنی کتاب ’’ان سائیڈ آؤٹ‘‘ میں وقار یونس کے حوالے سے لکھا ہے کہ ٹیم سے باہر رہنے پر وقار ناراض تھے اور میں نے ان کی ناراضی دور کرنے کے لیے کہا کہ وہ خود پاکستان ٹیم منتخب کریں اور جب وقار نے کاغذ قلم پکڑا اور جو ٹیم سلیکٹ کی تو وہ خود بھی اپنا نام نہ شامل کر سکے جس کے بعد یہ مان لیا کہ ٹیم میں ان کی جگہ نہیں بنتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں