0

آج میچ میں افغانستان کیسے نیوزی لینڈ کو پریشان کر سکتا ہے؟

ورلڈ کپ 2023 کا 16 واں میچ آج رواں میگا ایونٹ کی تاحال ناقابل شکست نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان ہوگا افغان ٹیم کیسے کیویز کو پریشان کر سکتی ہے سابق بھارتی کرکٹر نے بتا دیا۔سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر آکاش چوپڑہ اپنے یو ٹیوب چینل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 250 کے قریب اسکور کر لیا تو وہ نیوزی لینڈ کو پریشان کر دیں گے۔آکاش چوپڑہ کے مطابق چنئی کی وکٹ اسپنرز کو مدد کرتی ہے اس لیے افغانستان کی جانب سے ڈھائی کا ہندسہ اسکور بورڈ پر سجانے کے بعد نیوزی لینڈ کے لیے ہدف کا حصول مشکل ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچ کا رویہ کیا ہوگا یہ تو آج شام میچ کے دوران ہی پتہ چلے گا کیونکہ چنئی گراؤنڈ میں اب تک ہم نے دو طرح کی پچز دیکھی ہیں ایک زیادہ ٹرن والی اور دوسری بیٹر دوست۔ اگر آج کا میچ زیادہ ٹرن والی پچ پر کھیلا گیا تو یہ شائقین کرکٹ کو لطف اندوز کرے گا۔سابق بھارتی اوپنر نے مزید کہا نیوزی لینڈ کو اپنے ریگولر کپتان دستیاب نہیں ہوں گے جب کہ افغانستان یقینی طور پر اپنے تین بہترین اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گا۔افغان ٹیم کا مسئلہ ان کی بیٹنگ ہے۔ اسپن ٹریک پر 225 والا ٹوٹل بھی میچ جیتنے والا ٹوٹل بن جاتا ہے اس لیے اگر وہ 250 کے قریب ہیں تو یہ کیویز کے لیے پریشان کا سبب ہوگی۔آکاش چوپڑہ نے کہا کہ اگر گزشتہ میچ کی طرح یہ میچ بھی بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر کھیلا جاتا ہے تو نیوزی لینڈ اپنے اسٹار بیٹرز ڈیون کانوے، ٹام لیتھم اور راچن رویندرا پر انحصار کرے گا کیونکہ وہ اسپن کو اچھی طرح کھیلتے ہیں لیکن افغانستان ورلڈ کپ میں ایک اور اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔واضح رہے کہ چنئی کے چیپک اسٹیڈیم میں بھارت نے آسٹریلیا کو اسپن دوست پچ پر ہی 6 وکٹوں سے زیر کیا تھا جب کہ دوسرا میچ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر کھیلا گیا جو کیویز نے 8 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔افغانستان نے اتوار کو دہلی میں اپنے آخری میچ میں انگلینڈ کو 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے جوس بٹلر اینڈ کمپنی کو 215 رنز پر آؤٹ کر کے 69 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں