0

رضوان نے سری لنکا کیخلاف جیت غزہ کے ’بہن بھائیوں‘ کے نام کر دی

اسلام آباد: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف حاصل کی گئی شاندار فتح اسرائیلی بربریت کا شکار غزہ کے ’بہن بھائیوں‘ کے نام کر دی۔حیدر آباد کے اندھرا گاندھی اسٹیڈیم میں گزشتہ روز کھیلے گئے ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 10 گیندوں قبل پورا گیا۔پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے شاندار سنچریاں اسکور کیں اور محمد رضوان کو 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان کے علاوہ بھارت کے سابق و موجودہ کرکٹرز کی جانب سے محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق کی اننگز کی خوب تعریف کی جا رہی ہے اور اسے بھارت کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کی اچھی تیاری بھی کہا جا رہا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرے لڑکوں کی کمر پر تھپکی جو کبھی بھی نا نہیں کہتے، رضوان اور عبد اللہ شفیق نے جیت کی بنیاد ڈالی۔محمد رضوان نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا یہ جیت غزہ میں موجود ہمارے بہن بھائیوں کے لیے ہے، ساتھ میں انہوں نے دعا والا ایموجی بھی بنایا۔خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ تین روز سے غزہ کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے اور مسلسل بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں اب تک 900 سے زائد افراد شہید اور 5000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر نے مزید لکھا جیت میں اپنا حصہ ملانے پر خوشی ہے لیکن جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، خاص طور پر عبد اللہ شفیق اور حسن علی جو جنہوں نے قومی ٹیم کی جیت کو آسان بنایا۔محمد رضوان نے حیدرآباد کے عوام کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد کے عوام نے بہترین میزبانی کی اور مکمل طور پر سپورٹ کیا۔سینئر صحافی حامد میر نے بھی غزہ کے شہداء کو یاد رکھنے پر قومی کرکٹر محمد رضوان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں