0

’سراج کون سی بریانی کھا کر ایشیا کپ کے فائنل میں بولنگ کی؟‘

اسلام آباد:ایشیا کپ کے فائنل میں آئی لینڈر کی لنکا ڈھانے والے سراج کی کارکردگی پر سب حیران ہیں سابق بھارتی کرکٹر روی شاستری بھی پوچھ بیٹھے کون سی بریانی کھا کر بولنگ کی۔ایشیا کپ کے فائنل میں میں آئی لینڈر کی لنکا ڈھانے والے بولر محمد سراج بھارت کے سر کا تاج بن چکا ہے اور ہر جگہ اس کا ہی راج ہے۔ حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج نے فائنل میں اپنی کاٹ دار بولنگ سے لنکن شیروں کو پچھاڑ کر بھارت کو آٹھویں بار ایشین چیمپئن بنایا۔محمد سراج کی اس شاندار کارکردگی نے کرکٹ کے پنڈتوں کو بھی حیران کر دیا۔ سری لنکن اننگ میں اپنے دوسرے ہی اوور میں چار وکٹیں لے کر بیٹنگ آرڈر کو ریت کی دیوار کی مانند گرایا اور میچ میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ایشیا کپ کے فائنل میچ کی ایوارڈ تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر روی شاستری بھی نوجوان فاسٹ بولر سے متاثر نظر آئے اور حیدرآبادی لہجے میں یہ پوچھنے پر مجبور ہو گئے کہ ’’کیا میاں کمال کر دیا کون سی بریانی دبائی آج‘‘ یعنی کون سی بریانی کھائی آج۔روی شاستری کے اس سوال کا جواب محمد سراج نے ہنستے ہوئے دیا۔سوشل میڈیا پر صارفین شاستری اور سراج کے درمیان دلچسپ گفتگو سے بہت محظوظ ہو رہے ہیں اور اس پر تبصرے کر رہے ہیں۔سراج نے تو شاستری کی اس بات کا جواب ہنستے ہوئے دیا لیکن ایک صارف نے ان کے دل کی بات یہ کہہ کر لکھ ڈالی کہ سر یہاں بریانی نہیں ہے۔شاستری کا ایوارڈ تقریب میں سراج سے ازراہ مذاق کیا گیا یہ سوال دراصل ان کے بیک گراؤنڈ کی وجہ سے ہے کیونکہ ان کا تعلق بھارتی شہر حیدرآباد دکن سے ہے اور حیدرآبادی چٹ پٹے کھانوں کے شوقین ہوتے ہیں۔ب میچ سے قبل حیدرآباد دکن میں رکشا ڈرائیور کے بیٹے سراج نے کچے گوشت کی بریانی کھائی یا نہیں مگر لنکن شیروں کو ضرور کچا چبا گئے،واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں میں کھانوں میں کھٹاس اور تیز مرچ مصالحے کھانے کے شوقین صرف سراج ہی نہیں بلکہ سابق کپتان اظہر الدین بھی حیدرآبادی ہیں جو اپنے دور میں کھٹے میٹھے انداز میں کرکٹ میں کھانوں اور ثقافت کا تڑکا اور چوکا لگاتے نظر آتے تھے جب کہ سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی حیدرآبادی اور چٹ پٹے کھانوں کی شوقین ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں