0

امریکا اور ایران کا باجوڑ دھماکے پر ردعمل،حکومت پاکستان، عوام اور مولانا فضل الرحمان سے اظہار تعزیت

امریکا اور ایران :امریکا اور ایران نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔امریکی سفارت خانہ سے جاری کردہ ایک تعزیتی بیان میں امریکی ترجمان نے کہا کہ ہم متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ تشدد کےاس گھناؤنے فعل کی پر زور مذمت کرتے ہیں،دھماکےمیں بےگناہ لوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں، پرامن اورجمہوری معاشرے میں ایسی دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی عوام کےساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی سے نمٹنے میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔علاوہ ازیں ایرانی سفاترخانے کی جانب سے بھی باجوڑ میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ترجمان ایرانی سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کنونشن پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس حملے میں بےگناہ لوگ جاں بحق ہوئے۔جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان، عوام اور مولانا فضل الرحمان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، ہم زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔واضح رہے کہ خبیر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 42 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔خار میں شنڈے موڑ پر نادرا آفس کے قریب جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں اُس وقت دھماکا ہوا جب کارکنوں کی بڑی تعداد اس میں شریک تھی۔ اب تک 42 افراد جاں بحق ہو چکے جبکہ 111 زخمی ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں