0

حجاب پہن کر کرکٹ کھیلنے والی ابتہا مقصود کون ہیں؟

انگلینڈ :انگلینڈ کے کرکٹ ٹورنامنٹ اور اسکاٹ لینڈ کے لیے کھیلنے والی باحجاب کرکٹر کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہو رہے ہیں۔برطانوی اخبار کے مطابق پاکستانی نژاد 24 سالہ ابتہا مقصود انگلینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ ’دی ہنڈرڈ‘ کی ٹیم برمنگھم فینکس کی جانب سے کھیلتی ہیں اور وہ اپنے ملک اسکاٹ لینڈ کے لیے بھی حجاب پہن کر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتی ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ابتہا مقصود نے بچوں کے ایک ٹی وی پروگرام میں حجاب پہن کر شرکت کی جہاں انہوں نے اسلامی روایات کے حوالے سے ایک کتاب کے کچھ اقتباسات بھی پڑھے۔ابتہا مقصود کا کہنا تھا کہ اس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ مسلمان خواتین کے لیے پردہ اور حجاب کرنا کیوں اہم ہے، حجاب بطور مسلمان آپ کی واضح شناخت ہے اور اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ آپ باحیا ہیں۔برطانوی اخبار کے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بچوں کے سوالوں کا جواب دینے کے لیے بہت ہی اچھی کتاب ہے جس میں بہت آسان فہم طریقے سے مختلف سوالوں کے جواب دیے گئے ہیں۔پاکستانی نژاد کرکٹر نے کہا کہ حجاب پہن کر کرکٹ کھیلنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی، اس سے کوئی رکاوٹ نہیں آتی اور میں یہ پہن کر بلا جھجھک کھیلتی رہتی ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتی ہوں یہ بہت اہم ہے، یہ حیا کے بارے میں ہے اور اس سے اصلی پہچان ہوتی ہے کہ میں کون ہوں اور مجھے مسلمان ہونے پر فخر ہے۔ابتہا مقصود کا کہنا تھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ حجاب پہن کر برمنگھم فینکس کے ہوم گراؤنڈ ایجبسٹن جیسے بڑے اسٹیڈیم میں کھیلنے سے بہت اہم پیغام جاتا ہے کہ آپ جیسے بھی نظر آتے ہوں اور آپ جو بھی پہنتے ہوں آپ جو چاہیں وہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ بڑے اسٹیڈیم میں کھیل سکتے ہیں اور اپنا خواب جی سکتے ہیں اور جو چاہیں وہ کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں