115

برطانوی عدالت کا ملک ریاض کی ویزہ منسوخی برقرار رکھنے کا فیصلہ

لندن: برطانوی عدالت نے مشہورومعروف کاروباری شخصیت اور بحریہ ٹاؤن کے بانی ملک ریاض کی ویزہ منسوخی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی عدالت نے ملک ریاض اور صاحبزادے احمد علی ریاض کے 10 سالہ ملٹی انٹری وزت ویزہ منسوخی کے سرکاری فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے فیصلے کی بنیاد عوام کی فلاح و بہبود قرار دیا ہے۔
برطانوی حکومت نے ویزہ منسوخی کا فیصلہ این سی اے کی تحقیقات اور ملک ریاض کے ساتھ 2 سال قبل 19 کروڑ پاؤنڈ کے تصفیے پر غوروخوض کے بعد کیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے معاملات میں شمولیت بدعنوانی کا باعث بنی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) اور بحریہ ٹاؤن پر بنی جے آئی ٹی رپورٹ پر انحصار کرتے ہوئے عدالت اور ہوم آفس نے ملک ریاض اور صاحبزادے کی ویزہ منسوخی کو برقرار رکھا۔ 10 سالہ وزٹ ویزے رواں برس مئی اور جولائی تک کار آمد تھے۔
ہوم آفس برطانیہ نے این سی اے کی طرف سے ملک ریاض کے ساتھ تحقیقات اور تصفیے کے اعلان کے 7 روز بعد 10 دسمبر 2019 کو ویزے منسوخ کیے۔ ملک ریاض نے ہوم آفس میں پٹیشن اور اپر ٹریبونل میں عدالتی نظر ثانی کی درخواست دائر کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں