89

دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔افغان وزیر اعظم

کابل: افغانستان کے وزیر اعظم محمد حسن اخوند نے عالمی برادری کی امداد جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم افغانستان نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے پہلی بار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان تمام ممالک کو یقین دلاتا ہے کہ کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں ہوگی۔ تمام ملکوں سے معاشی تعلقات بہترین رکھنے کے خواہاں ہیں۔
خطاب کے دوران افغان وزیر اعظم نے عالمی برادری اور فلاحی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ امداد معطل نہ کریں اور افغان عوام کے مسائل کے حل کیلئے مدد جاری رکھیں۔ واضح رہے کہ جنگ زدہ افغانستان میں بے روزگاری اور مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے۔
امریکا کی طرف سے طالبان حکومت کے 10 ارب ڈالر کے اثاثے منجمد کردئیے گئے، عالمی بینک اور آئی ایم ایف کی جانب سے فنڈز تک رسائی بھی معطل کردی گئی۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے علاوہ افغانستان میں بینکنگ کے شعبے کو بھی بحران کا سامنا ہے۔
قبل ازیں 20 سال تک افغانستان کے خلاف جنگ لڑنے والا امریکا کٹھ پتلی حکومت کو سرکاری اخراجات کا 75 فیصد حصہ فراہم کر رہا تھا جس کیلئے غیر ملکی عطیات دہندگان اور دیگر ممالک سے امداد حاصل کی گئی تاہم نئی حکومت مشکلات کا شکار ہے۔
اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ سردی کے موسم میں افغانستان کے 38 لاکھ شہری بد ترین بھوک اور قحط کا سامنا کر سکتے ہیں۔ افغان مائیں اپنے بچے جبکہ شہری اپنی گھریلو اشیاء فروخت کرکے کھانا اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے پر مجبور ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں