0

اسمبلیاں اگست میں تحلیل ہوجائیں گی، وزیردفاع خواجہ آصف نےحیران کن بات کہہ دی

سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں ایک ماہ کے بعد اپنی مدت پوری کرکے ازخود تحلیل ہوجائیں گی۔یہ بات انہوں نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتیں عام انتخابات کے لیے مشترکہ امیدوار لانے یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا لائحہ عمل اپنائیں گی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تیاری کا آغاز ہو چکا ہے، عوام ووٹ کی طاقت سے آنے والے حکمرانوں کو منتخب کرینگے، ہمارے پاس چوائس تھی کی فوری طورپر اسمبلیاں تحلیل کردیتے لیکن ایسا کرنے سے معیشت مزید تباہ ہوجاتی اور ملک 14ماہ قبل ہی ڈیفالٹ ہوجاتا۔وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں ہزاروں روپے کا ٹیکس اور بجلی، گیس چوری ہوتی ہے یہ چوری ہوتی رہی تو ہمارا ملک معاشی طور پر کبھی مستحکم نہیں ہوسکتا۔ ایسے بھی شہر ہیں جہاں 85فیصد تک بجلی اور گیس چوری ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک اس لیے کامیاب ہوئی کہ پی ٹی آئی نے دوستوں کا بھی لحاظ نہ رکھا، ہم نے پی ٹی آئی کے دوستوں کو عدم اعتماد میں استعمال نہیں کیا بلکہ ان کے اتحادیوں کے ذریعے عدم اعتماد کی تحریک کامیاب بنائی۔چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شخص نے اپنے ساتھیوں کے روکنے کے باوجود اسمبلیاں تحلیل کرکے حکمرانی کا تاج چھوڑا، اس نے بے وقوفی کرکے حکمرانی کا تاج سر سے ہٹاکر بالٹی سر پرلے لی، تمام حملوں کے بعد پاک فوج کی تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنایا اور اتنی غلطیوں کے بعد جو پلان بنایا وہ نو مئی کی صورت سامنے آیا اور یہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔خواجہ آصف نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنما گرفتار ہوئے کوٸی روپوش نہیں ہوا، سیاسی ورکر مشکل وقت میں عزت و وقار کے ساتھ مشکلیں جھیلتے ہیں مگر پی ٹی آئی کے رہنما اس وقت جس طرح مفرور ہیں ایسے کوئی فرار نہیں ہوتا۔وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف والے بھی سوچتے ہونگے کہ جن سے ہم میٹنگ کررہے ہیں ان میں پی ٹی آئی کے مفرور اور اشتہاری بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں