0

تحریک انصاف کا حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ہونے والے معاہدے کی حمایت کا اعلان کر دیا۔انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی ٹیم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین سے زمان پارک میں ملاقات کی۔پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم اور چیئرمین پی ٹی آئی کی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔حماد اظہر نے کہا کہ آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالرکے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کیلئے معاہدہ کیا ہے، اس تناظر میں ہم مجموعی مقاصد اور کلیدی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نئی حکومت کے قیام تک میکرو معاشی استحکام کیلئے اسٹینڈ بائی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی نئی حکومت اصلاحات کا آغاز کرے گی۔حماد اظہر نے کہا کہ ملاقات میں آئی ایم ایف کے ریذیڈنٹ نمائندے ایستر پیریز نے شرکت کی، جبکہ کنٹری چیف نیتھن پورٹر نے واشنگٹن سے ورچوئل شرکت کی۔پی ٹی آئی کی ٹیم میں شاہ محمود قریشی، حماد اظہر، شوکت ترین، عمر ایوب، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شبلی فراز، تیمور جھگڑا اور مزمل اسلم شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں