0

بابر کی کپتانی میں کوئی مسئلہ نہیں، مسائل ہم پیدا کرتے ہیں، وسیم اکرم۔

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی کپتانی میں کوئی مسئلہ نہیں، مسئلہ ہم پیدا کرتے ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو کپتانی انجوائے کرنے دیں۔بھارت میں کرکٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ میرا بھارت میں بطور کمنٹیٹر اور سابق کھلاڑی اچھا تجربہ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملات ایک سے دوسری حکومت کے درمیان ہوتے ہیں، جو بھی بھارت جاتا ہے چاہے فنکار ہو یا کھلاڑی، اچھا ردِعمل ملتا ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اُمید ہے ورلڈکپ اچھے انداز سے منعقد ہوگا۔ ورلڈ کپ شیڈول میں نے دیکھا ہے، پاکستان ٹیم اتنی باصلاحیت ہے کہ وہ آگے جاسکتی ہے، بھارتی کنڈیشن بھی ہم سمجھتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں پاکستان کا میچ شیڈول ہے وہاں کھیلنا ہوگا، کسی وینیو کا مسئلہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ چیئرمین کے عہدے تبدیل ہونے سے کرکٹ اسٹرکچر اور کھلاڑیوں پر اثر پڑے گا۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ شاہین ابھی نوجوان ہے، جتنا کھیلے گا اس کےلیے بہتر ہے۔ شاہین ایک ورلڈ کلاس بولر ہے۔پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کوچ پاکستانی ہو تو تنقید ہوتی ہے جب باہر کا ہو تب بھی تنقید ہوتی ہے۔ ہم کسی بھی حال میں خوش نہیں رہ سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں