0

ورلڈکپ کی چمچماتی ٹرافی آج سے جلوے بکھیرے گی

لاہور: ورلڈکپ کی چمچماتی ٹرافی منگل سے جلوے بکھیرے گی جب کہ عالمی ٹور سے قبل ایک لاکھ 20ہزار فٹ کی بلندی پر خلا میں لانچ کیا گیا۔رواں سال اکتوبر، نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان منگل کو کیا جارہا ہے،اس کے ساتھ ہی میگا ایونٹ کا 100روزہ کائونٹ ڈائون بھی شروع ہو جائے گا،چمچماتی سلور ٹرافی کے انٹرنیشنل ٹور کا بھی منگل کو میزبان ملک سے آغاز ہورہا ہے۔رونمائی کیلیے ایک منفرد انداز اختیار کرتے ہوئے اسے خلا میں ایک لاکھ 20ہزار فٹ کی بلندی پر لانچ کیا گیا، غبارے سے معلق رکھتے ہوئے 4k کیمروں سے تصاویر بنانے کے بعد اسے نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں اتارا گیا،اس بلندی پر لے جانے کا مقصد کرکٹ کا گلوبل ایونٹ ہونے کے ناطے زمین کا پس منظر دکھانا تھا۔پہلا مرحلہ 14جولائی کو بھارت میں مکمل ہونے کے بعد ٹرافی کی اگلی منزل نیوزی لینڈ ہوگی، آسٹریلیا اور پھر پاپو نیوگنی کا سفر ہوگا،بھارت واپسی کے بعد ٹرافی کو امریکا لے جایا جائے گا،ویسٹ انڈیز کے بعد 31جولائی سے 4اگست تک ٹرافی پاکستانی شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گی، سری لنکا، بنگلہ دیش،کویت، بحرین کے بعد ایک بار پھر2روز کیلیے بھارت آمد ہوگی،اٹلی،فرانس میں بھی ٹرافی بھیج کر ان ملکوں میں کرکٹ کی مقبولیت بڑھانے کی کوشش ہو گی۔انگلینڈ، ملائیشیا، یوگینڈا، نائیجریا، جنوبی افریقہ کے بعد 4ستمبر کو واپسی کے بعد میگا ایونٹ شروع ہونے تک ٹرافی بھارت میں ہی رونق افروز رہے گی، ٹور کے دوران 18 ملکوں میں منعقد کیے جانے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 10 لاکھ شائقین کو ٹرافی کو قریب سے دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلر ڈائس کا کہنا ہے کہ اب تک کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے ورلڈ کپ کے کائونٹ ڈائون میں ٹرافی ٹور کی ایک خاص اہمیت ہے، یہ اپنے سفر میں سربراہان مملکت سمیت اہم ترین شخصیات کی توجہ حاصل کرے گی، اہم ترین مقامات سے اس کا گزر ہوگا، عظیم کھلاڑیوں کی بدولت مقبولیت پانے والی ٹرافی سے کرکٹ کے ترقیاتی پروگرامز کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہاکہ کرکٹ کے ایک ارب سے زیادہ شائقین ہیں،ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹرافی کے قریب جانے کا موقع دینا چاہتے ہیں،اس کا سفر ورلڈکپ کی عالمگیر مقبولیت میں اضافے کا ذریعہ بنے گا۔میزبان بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا کہ پورے بھارت میں میگا ایونٹ کے حوالے سے جوش و خروش پیدا ہو رہا ہے، ہم دنیا کی 10 بہترین ٹیموں کی میزبانی کیلیے تیار ہیں، شائقین جہاں کہیں بھی ہوں ٹرافی انھیں ایونٹ کے یادگار لمحات کا حصہ بننے کا موقع فراہم کرے گی، ملک میں اس کا سفر ورلڈکپ کی مقبولیت کو عروج پر پہنچا دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں