0

ورلڈکپ کوالیفائر: ڈچ کھلاڑی کے سپر اوور میں 30 رنز، نیدرلینڈز نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر تاریخ رقم کردی

نیدرلینڈز :زمبابوے میں کھیلے جارہے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے کوالیفائر راؤنڈ میں نیدرلینڈز نے دو مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والی ٹیم ویسٹ انڈیز کو اعصاب شکن مقابلے کےبعد سپر اوور میں شکست دے دی۔پیر کے روز ہرارے کے تکاشنگا کرکٹ گراؤنڈ میں شائقین کو زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیتا اور بولنگ کا فیصلہ کیا۔ویسٹ انڈیز نےمقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے، جواب میں نیڈرلینڈز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا کر میچ برابر کر دیاڈچ ٹیم کے بیٹر تیجا ندا مانُورُو نے 111 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جب کہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 67 رنز اسکور کیے، تاہم میچ برابر ہونے پر سپر اوور کروایا گیا اور ان دونوں ٹیموں کے بیچ ہونے والے اس سپر اوور نے مداحوں کا دل اپنے ہاتھ میں لے لیا۔شاندار سپر اوور:سپر اوور میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کی جس کے لیے بیٹر لوگن وین بیک کا انتخاب کیا گیا اور پھر یہ انتخاب کیا خوب ثابت ہوا جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے بولر جیسن ہولڈر کو 30 رنز جڑدیے۔لوگن وین بیک نے اس اوور میں تین چھکے اور تین چوکے لگائے جس سے ناصرف شائقین محظوظ ہوئے بلکہ کمنٹیٹرز کے منہ بھی کھلے کے کھلے رہ گئے۔لوگن وین بیک کی جانب سے یہ 30 رنز اب تک کسی بھی سپر اوور میں بنائے جانے والے سب سے زیادہ رنز ہیں، بعدازاں ویسٹ انڈیز نے جواب میں آٹھ رنز بنا کر دو وکٹیں گنوا دیں جب کہ یہاں بھی ہیرو لوگن وین بیک ہی قرار پائے کیونکہ سپر اوور کی بولنگ بھی انہوں نے ہی کروائی تھی۔میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی لوگن وین بیک کے نام رہا۔خیال رہے کہ اب نیدرلینڈز سے شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کے لیے بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں جگہ بنانا مشکل لگ رہا ہے، ویسٹ انڈیز کو اب سُپر سِکس مرحلے میں اپنے تمام میچز جیتنے پڑیں گے جس کے بعد ہی وہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جگہ بنا سکے گا۔واضح رہے کہ تین ہفتوں پر مشتمل یہ اہم ٹورنامنٹ فیصلہ کرے گا کہ کون سی ٹیمیں اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گی، اس ٹورنامنٹ کے لیے ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔گروپ بی میں سری لنکا، آئرلینڈ ، اسکاٹ لینڈ، عمان اور یو اے ای کو شامل کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں