0

ایپل کا ’اسکرین ڈِسٹینس‘ نامی ٹول متعارف کرانے کا اعلان

کیلیفورنیا: ٹِک ٹاک اسکرالنگ ہو یا یا کینڈی کرش کھیلنا، ہم عموماً اپنے موبائل کی سرگرمیوں میں اتنے محو ہوجاتے ہیں کہ دوسری چیزوں کا ہوش ہی نہیں رہتا۔موبائل میں اس قدر کھو جانے کے ہماری آنکھوں پر بہت نقصان دہ اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔ ماضی میں کیے جانے والے مطالعوں کے مطابق اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے مائیوپیا (دور کی نگاہ کمزور ہونا) کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایپل اپنے آئی فون کے لیے آئندہ آنے والی آئی او ایس 17 اپ ڈیٹ میں نیا ٹول متعارف کرانے جارہا ہے۔’اسکرین ڈِسٹینس‘ نامی یہ ٹول اس چیز کی نگرانی کرے گا کہ صارف کا آئی فون اس کے چہرے سے کتنے فاصلے پر ہے۔ جبکہ فاصلے میں کمی کی صورت میں تنبیہ جاری کرے گا۔ایپل نے رواں ماہ کے ابتداء میں کمپنی کی جانب سے منعقد کی جانے والی ورلڈ وائڈ ڈیویلپر کانفرنس 2023 میں اس فیچر کے متعلق اعلان کیا تھا۔ایپل کے مطابق آئی فون اور چہرے کے درمیان فاصلہ بڑھانے سے بچوں میں مائیوپیا کےخطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور بڑوں کی آنکھوں پر پڑنے والے زور کو کم کیا جاسکتا ہے۔یہ نیا ٹول ’ٹرو ڈیپتھ‘ کیمرا کا استعمال کرتے ہوئے کام کرے گا۔ یہ کیمرا صارف کے چہرے پر ہزاروں نا دِکھنے والے نقطے لگاتا ہے اور ان کا تجزیہ کر کے چہرے کے فاصلے کے متعلق نقشہ سازی کرتا ہے جس کو ڈیپتھ میپ کہا جاتا ہے۔یہ فیچر فی الحال صارفین کو دستیاب نہیں لیکن ستمبر میں متوقع آئی او ایس 17 کی اپ ڈیٹ کے ساتھ اس فیچر کو جاری کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں