0

ملک کا اگلے تین دن موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

اسلام آباد :محکمہ موسمیات نے آج سے 24 جون تک ملک بھر کے موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے گرمی میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے آئندہ تین روز کے موسم کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اگلے تین روز میں گرمی کی شدت بڑھے گی اور آج سے 24 جون کے دوران ملک میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جب کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہے گا۔بات کی جائے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں موسم کیسا رہے گا تو اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر مقامات میں آج موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کے ساتھ خشک رہے گا۔ بلوچستان کے مشرقی اور جنوب مغربی علاقوں میں آج موسم شدید گرم رہنے کے ساتھ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔آج ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور ملحقہ علاقوں میں بعد دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ شام اور رات میں خضدار، پنجگور اور آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی آج دن بھر موسم خشک اور شدید گرم رہے گا جب کہ آزاد کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں