110

ڈالر کی قیمت میں یکدم بڑی کمی، مسلسل تیسرے روز روپے کی قدر بحال

لاہور:عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ ممکنہ طور پر مذاکرات کامیاب ہونے اورملک پر چھائی غیر یقینی صورتحال پر خاتمے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے مانیٹری پالیسی کے جلد اعلان کی خبروں کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت تیزی سے نیچے آنے لگی، مسلسل تیسرے روز ملکی کرنسی کی قدر بحال ہو گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں یکدم بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، قدر میں 1 روپے13 پیسے کی کمی دیکھی گئی اور قیمت 174 روپے 89 پیسے سے کم ہو کر 173 روپے 76 پیسے ہو گئی ہے۔


گزشتہ تین کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر ایک روپیہ 97 پیسے سستا ہو گیا، 12 نومبر کو امریکی ڈالر کی قیمت 175.73 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچا گئی تھی۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 2 روپے 20 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 174 روپے 80 پیسے ہو گئی ہے۔

اوپن مارکیٹ میں گزشتہ تین کاروباری روز کے دوران امریکی کرنسی 3 روپے 20 پیسے سستی ہو ئی ہے۔ 12 نومبر کو امریکی ڈالر 178 روپے کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا تھا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے ملنے والی اربوں ڈالرز کی امداد کی مرکزی بینک میں جلد منتقلی، مشیر خزانہ شوکت ترین کی طرف سے دی گئی آئی ایم ایف کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی کامیابی کی اطلاعات ، بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ریکارڈ ترسیلات زر کا موصول ہونا اور آئندہ چند روز میں مانیٹری پالیسی میں متوقع طور پر شرح سود میں کمی کی اطلاعات کے باعث مثبت خبریں امریکی ڈالر کی گراوٹ میں کردار ادا کر رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں