106

رانا شمیم کا بیان جعلی، عدالتوں پر حملہ آور ہونا ن لیگ کی روایت ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عدالتوں پر حملہ آور ہونا ن لیگ کی روایت ہے، نواز شریف اور مریم نواز کی پیشی سے قبل سازش گھڑی جاتی ہے، رانا شمیم کا بیان جعلی ہے، حسین نواز تمام معاملے کو ڈیل کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، کل جعلی بیان حلفی ریلیز کر کے عدلیہ پر حملہ کیا گیا، بیان حلفی کی فیس بھی نواز شریف فیملی نے ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے، پارلیمان سے انتخابی اصلاحات کا بل پاس کرا رہے ہیں، انتخابی اصلاحات ہو کر رہیں گی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات قومی ایجنڈا ہے، اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر ہمارے ساتھ بیٹھے اور اپنی تجاویز دے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے معافی مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کر دی جبکہ الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو جواب جمع جرانے کا آخری مہلت دے دی۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے اور کہا کہ وہ خود وکیل ہیں اور حکومتی ترجمان ہیں، بہت سارے بیانات ان کے ذاتی نہیں ہوتے، وہ جواب کے چکروں میں نہیں پڑنا چاہتے، استدعا ہے کہ معذرت قبول کرتے ہوئے نوٹس واپس لیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے فواد چودھری سے تحریری معافی نامہ مانگتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اس پر حکمنامہ جاری کرینگے۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی کی طرف سے ان کے وکیل پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی سینیٹ اجلاس کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے۔ الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ سینیٹ کا بہانہ بنایا اور جواب جمع نہیں کرایا، الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں