96

وزیر اعظم شہباز شریف کی دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت

لندن : وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں کامن ویلتھ ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی ہے اور اس موقع پر ان کی برطانوی ہم منصب رشی سونک سے ملاقات بھی ہوئی۔دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دولت مشترکہ تنظیم کی تقویت میں سب اپنا اپنا کردار ادا کریں، دولت مشترکہ کے ممالک کے مابین ہم آہنگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ برطانوی کنگ چارلس سوم کی تاج پوشی ایک نئے دور کا آغاز ہے۔شہباز شریف نے پاکستانی نوجوانوں اور ہنر مندوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا بھی ذکر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنا رہی ہے، حکومت پسماندہ طبقے، اقلیتوں، معذور افراد اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو مرکزی دھارے میں لا رہی ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب رشی سونک سے ملاقات کی اور برطانوی شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی دو روزہ تقریبات کیلئے شاندار انتظامات پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں وزیر اعظم نے گزشتہ سال پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں برطانیہ کی فراخدلانہ مدد کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے جس پر انہوں نے مشترکہ کمیشن کے قیام کی تجویز دی۔اس موقع پر برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے بھی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں