122

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید سستا

لاہور: ملک بھر میں روپے کی قدر بحال ہونے کا تسلسل جاری ہے، امریکی ڈالر کی 171 روپے کی حد بھی گر گئی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر 75 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 171 روپے 29 پیسے سے کم ہو کر 170 روپے54 پیسے ہو گئی ہے۔


گزشتہ پانچ کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا تسلسل دیکھنے کو مل رہا ہے، یہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کو سعودی عرب کی طرف سے اربوں ڈالرز کی امداد ملی اور مشیر خزانہ شوکت ترین کی طرف سے بتایا گیا کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد 138.14 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 47112.92 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.29 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 13 کروڑ 92 لاکھ 79 ہزار 761 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں