95

سپریم کورٹ،الیکشن ایک ہی دن کرانےکےکیس کی سماعت27 اپریل تک ملتوی

اسلام آباد:ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کے حوالے سے کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ اپنا 14 مئی کا فیصلہ واپس نہیں لیں گے، عدالتی فیصلہ واپس لینا مذاق نہیں ہے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے پنجاب میں عام انتخابات اور ملک بھر میں ایک ہی روز الیکشن کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ذرائع کے مطابق سماعت کے وقفے کے بعد اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، فاروق نائیک نے کیس کی سماعت کے وقفے کے بعد چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سے چیمبر میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل اور فاروق ایچ نائیک نے ملاقات کے دوران ججز سے مزید وقت مانگ لیا۔اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ سیاسی قائدین کوباہمی مشاورت کیلئے کچھ وقت درکارہے۔فاروق نائیک نے کہا کہ فضل الرحمان نے پارٹی سے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے۔ مولانا سینئر سیاسی شخصیت اور پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں۔ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل اور فاروق نائیک نے استدعا کی کہ عدالت ہمیں عید کے بعد تک کا وقت دے۔فاروق نائیک نے کہا کہ انتخابات کےمعاملےپرتفصیلی مشاورت درکار ہے، پارٹی سربراہان اپوزیشن سے بات چیت کا لائحہ عمل طےکرینگے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کی جانب سے وقت دینے کی استدعا منظور کر لی۔ کھلی عدالت میں سماعت ہونےیانہ ہونےکےحوالےسےفیصلہ ہوگا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بینچ کے رکن جسٹس منیب اختر کراچی روانہ ہو گئے ہیں۔ جسٹس منیب اخترکی4بجےفلائٹ شیڈول تھی۔گزشتہ روز وزارت دفاع کی جانب سے ملک کی تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کی درخواست پر سماعت کرنے کے بعد عدالت نےدرخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے آج پیشی پر تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو طلب کیا تھا۔اس سے قبل سماعت کے آغاز کے موقع پر چیف جسٹس نے دعا کی کہ مولا کریم لمبی حکمت دے تا کہ صحیح فیصلے کر سکیں، ہمیں نیک لوگوں میں شامل کر اور ہمارے جانے کے بعد اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے۔ سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ نے نیک کام شروع کیا اللہ اس میں برکت ڈالے، عدالت نیک کام میں اپنا حصہ ڈالے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں