113

کالعدم تنظیم کا پرتشدد احتجاج، جی ٹی روڈ بلاک، رینجرز نے کنٹرول سنبھال لیا

گوجرانوالہ: کالعدم تنظیم کی طرف سے پرتشدد احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، کامونکی اور دیگر مقامات پر جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند کر دی گئی ہے جبکہ ٹرین سروس بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔

کالعدم تنظیم کے کارکنان پر مشتمل ریلی کامونکی سے نکل کر گوجرانوالہ شہر کی طرف گامزن ہے، جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں کاروبارِ زندگی معطل ہوگیا۔

کالعدم تنظیم کے پر تشدد احتجاج کے باعث عوام شدید پریشان ہیں، جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند ہے، جی ٹی روڈ پر آمدورفت بند ہونے کے باعث اشیائے خورو نوش کی شدید قلت ہے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق لاہور اور راولپنڈی کے درمیان شام 4 بج کر 30 منٹ پر چلنے والی سبک خرام اور شام 6 بجے چلنے والی اسلام آباد ایکسپریس اور رات 12بج کر 30 منٹ پر چلنے والی راول ایکسپریس کو بھی دونوں اطراف سے آج کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ اسی طرح پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کو پشاور اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کردیا گیا ہے، گرین لائن کو راولپنڈی اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔ تیزگام ایکسپریس کو بھی آج کے روز راولپنڈی اور لاہور کے درمیان معطل کیا گیا ہے۔

دوسری طرف شیخوپورہ ،گوجرانوالا، گجرات، جہلم میں موبائل، انٹرنیٹ سروس معطل ہے، جی ٹی روڈ پر تعلیمی اداروں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ جبکہ کالعدم تنظیم کے قافلے کو روکنے کے لیے رینجرز نے دریائے چناب کے پل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

گجرات میں پولیس اور ایلیٹ فورس بھی تعینات کر دی گئی ہے، داخلی اور خارجی راستوں پر خندقیں کھود دی گئیں۔

مزید برآں کالعدم تنظیم کے مارچ کے پیش نظر راولپنڈی میں اہم مقامات پر رینجرزتعینات کر دی گئی ہے، داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں، میٹرو بس سروس بھی صدر سے فیض آباد تک معطل کر دی گئی ہے، کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ عوام کے لیے اسپتال جانا محال ہو گیا اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔

ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں