188

سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کو فوری طلب کرلیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو فوری طلب کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر کو سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ٹرانسفر کیس میں طلب کیا گیا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم تھا پھر بھی سی سی پی کو تبدیل کیوں کیا گیا، غلام محمود ڈوگر کو ٹرانسفر کرنے کی اتنی جلدی کیا تھی؟۔جس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اجازت سے غلام محمود ڈوگر کو دوسری مرتبہ تبدیل کیا گیا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ افسران کی تبدیلی میں الیکشن کمیشن کا کیا کردارہے؟۔جسٹس مظاہرعلی اکبر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار انتخابات کے اعلان ہونے کے بعد ہوتا ہے۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ پنجاب میں نگراں سیٹ اپ آنے کے باعث الیکشن کمیشن سےاجازت لی گئی، آئین کے مطابق 90 روز میں انتخابات ہونا ہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ تو پھر بتائیں الیکشن ہیں کہاں ہے؟جسٹس مظاہر علی نے ریمارکس دیے کہ آدھے پنجاب کو ٹرانسفر کردیا گیا، کیا پنجاب میں ایسا کوئی ضلع ہے جہاں ٹرانسفر نہ ہوئی ہو۔جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیا الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کے حکم کا علم نہیں تھا؟ الیکشن کمیشن اپنے کام کےعلاوہ باقی سارے کام کررہا ہے۔بعدازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں