215

بجلی کے بعد گیس کی قیمتوں میں ناقابل یقین اضافہ ، شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) : وفاقی حکومت نے بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ کرنے کے بعد گیس کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ کردیا ہے۔گیس کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی منظوری وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔اس ضمن میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت گیس کی قیمتوں میں 16.6 فیصد سے 124 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے البتہ 50 کیوبک میٹر تک گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیے جانے والے اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔100 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے قیمت میں 16.6 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور 100 کیوبک میٹر گیس کی قیمت 300 روپے سے بڑھا کر 350 روپے ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے جب کہ 200 کیو بک میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے قیمت میں 32 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور 200 کیو بک میٹر گیس استعمال پر گھریلو صارفین کے لیے قیمت 553 سے بڑھا کر 730 روپے ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق گھریلو، کمرشل، پاور سیکٹر، کھاد، سیمنٹ انڈسٹری اور سی این جی سمیت تمام شعبوں کے لیے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں قدرتی گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔حکومت نے گزشتہ روز بجلی کے نرخوں میں 7 روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کی منظوری دی تھی جب کہ اس سے دو دن قبل ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں