132

سی این جی کی قیمت میں بھی 15 روپے فی کلو تک کا اضافہ

لاہور: (نیوز ڈیسک) پٹرول، ایل پی جی اور ایل این جی کے بعد سی این جی کی قیمت میں بھی 15 روپے فی کلو تک کا اضافہ کر دیا گیا۔

سی این جی ایسوسی ایشن نے ایل این جی کی قیمت میں اضافے کے بعد درآمدی ایل این جی سے چلنے والے سی این جی سٹیشنوں کے لئے گیس کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

سندھ میں سی این جی 15 روپے فی کلواورپنجاب میں 8 روپے فی لیٹر مہنگی کردی گئی ہے، اضافے کے بعد پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی کی نئی قیمت 123 روپے40پیسے فی لٹر اور سندھ میں تقریبا 184 روپے فی کلو ہوجائے گی۔

گزشتہ روز اوگرا نے ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کے مطابق گیس کمپنیوں کے لئے ایل این جی 2.14 فیصد مہنگی ہوگئی ہے جبکہ اوگرا نے ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 15.3534 ڈالر فی یونٹ مقرر کردی گئی جبکہ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 15.0918 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ سوئی ناردرن سسٹم پر اگست میں ایل این جی کی قیمت 13.2175 ڈالر فی یونٹ تھی جبکہ سوئی سدرن سسٹم پر اگست میں ایل این جی کی قیمت 12.9549 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے ایک مرتبہ پھر مہنگائی کے ستائے عوام پر ایل پی جی بم گراتے ہوئے فی کلو قیمت میں 29 روپے 10 پیسے کا اضافہ کردیا تھا۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 343 روپے مہنگا ہوگیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق اکتوبر 2021 کیلئے ہوگا ،نئی قیمت 203 روپے 69 پیسے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔

اوگرا کے نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ ستمبر کیلئے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 174 روپے 58 پیسے مقرر تھی ،گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2403 روپے مقرر کردی گئی ہے جبکہ ستمبر کیلئے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2060 روپے 15 پیسے مقرر تھی۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تسلسل کوبرقرار رکھا، ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔

وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں چار روپے فی لٹر اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے ہو گئی ہے۔

ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، ڈیزل کی قیمت 122 روپے 4 پیسے ہو گئی ہے۔ اُدھر لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 82 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد قیمت 99 روپے 51 پیسے قیمت ہو گئی ہے۔

مزید برآں مٹی کے تیل کی قیمت 7 روپے 2 پیسے بڑھا دی گئی جس کے بعد نئی قیمت 99 روپے 31 پیسے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ 15 روز قبل اوگرا کی طرف سے وزارت خزانہ کو بھیجی گئی سمری کے برعکس وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا، پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت پٹرول کی نئی قیمت 123 روپے 30 پیسے ہو گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 1 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 120روپے 4 پیسےفی لٹر ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 90 روپے 69 پیسے ہو گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 42 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 92 روپے 26 پیسے فی لٹر ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں