155

روپے کی تنزلی جاری، ڈالر تاریخ کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا

ملک بھر میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں تنزلی جاری ہے اور امریکی کرنسی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 90 پیسے مہنگا ہو گیا اور نئی قیمت 170 روپے 50 پیسے ہوگئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 18 پیسے مہنگا ہو گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق امریکی ڈالر کی قیمت 18 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 168 روپے 94 پیسے سے بڑھ کر 169 روپے 12 پیسے ہو گئی ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر امریکی ڈالر 169 روپے 70 پیسے کی بلند ترین سطح کو بھی چھو گیا تھا تاہم اس دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان کی مداخلت کے باعث قدر میں تنزلی دیکھی گئی تھی۔

معاشی ماہرین کے مطابق سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی آمد کا حجم 10سال کی بلند سطح پر پہنچنے کے باوجود روپیہ مسلسل عدم استحکام کا شکار ہے ۔ بیرونی ادائیگیوں، بڑھتی درآمدات نے روپیہ کو کمزور رکھا جبکہ معاشی مستقبل کے بارے میں غیریقینی صورتحال سے بھی ڈالر کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملکی ریکارڈ درآمدات، تاریخ ساز کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی روپیہ کی قدر پر اثر انداز ہورہا ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 174.62 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 46716.72 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.37 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی اور 11 کروڑ 80 لاکھ 95 ہزار 679 شیئرز کا لین دین ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں