104

امریکا کے افغانستان سے بوریا بستر سمیٹنے پر صدر پیوٹن کا تبصرہ

ماسکو: امریکا کے افغانستان سے بوریا بستر سمیٹنے پر صدر پیوٹن نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی مہم ’المیے‘ پر اختتام پذیر ہوئی۔

اے ایف پی کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے بدھ کو کہا کہ امریکا کی افغانستان میں 20 سالہ مہم صرف المیے اور نقصانات پر ختم ہوئی ہے، گزشتہ 20 سالوں میں امریکی فوج نے اپنی اقدار جنگ زدہ ملک پر لاگو کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

انھوں نے کہا کہ اس بیس سالہ جنگ کا نتیجہ افغانستان میں رہنے والوں اور امریکا کے لیے صرف المیوں اور نقصانات کی شکل میں سامنے آیا ہے، یہاں باہر سے کچھ بھی مسلط کرنا ناممکن ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی روسی صدر مغربی ممالک پر تنقید کر چکے ہیں کہ وہ غیر مغربی ممالک پر اپنی اقدار مسلط کرتے ہیں، اس حوالے سے صدر پوتن امریکا کی افغانستان میں پالیسی کو مسلسل نشانہ بناتے رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے انھوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ انھوں نے سوویت یونین کے افغانستان پر قبضے سے سبق حاصل کیا ہے، اس لیے افغانستان میں مداخلت نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ طالبان کی افغانستان میں حکومت بننے کے حوالے سے روس انتہائی محتاط رد عمل دیتا آیا ہے، روس نے ہمیشہ یہی مؤقف اپنایا ہے کہ وہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں دخل نہیں دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں