کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں ہوگا، پاکستان کا بھارتی بیان پر جواب

کشمیر کبھی بھی بھارت فائل فوٹو کشمیر کبھی بھی بھارت

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کے بعد پاکستان نے بھارتی ردعمل کی شدید الفاظ میں سرزنش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ ہی ہوگا اور نئی دہلی کے پاس 'فوجی قبضے' کے علاوہ اس خطے پر کچھ بھی دعویٰ کرنے کے لیے نہیں ہے۔

فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ذوالقرنین چینہ کا کہنا تھا کہ 'جموں و کشمیر میں بھارت کا فوجی قبضے کے علاوہ کوئی دوسرا دعوی نہیں، وہ ناپسندیدہ اور مظلوم لوگوں پر اپنا قبضہ مسلط کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنے پر مجبور ہے، یہ بات جموں و کشمیر کے عوام سے پوچھ لیں وہی آپ کو بتائیں گے'۔

اس سے قبل ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے وزیر اعظم عمران خان کے یو این جی اے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے اسے 'جھوٹ، غلط فہمیوں اور جنگی جنون سے بھرا ہوا' کہا تھا۔

بھارتی مندوب نے وزیر اعظم کی تقریر نشر کیے جانے کے وقت اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔

بھارتی بیان کی تردید میں پاکستای نمائندے نے کہا کہ بھارتی جواب 'اصل معاملات سے توجہ ہٹانے کی ایک اور شرمناک کوشش تھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'تاہم بھارت اپنے جرائم کے احتساب سے نہیں بچ سکے گا، وزیر اعظم نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بھارت پر روشنی ڈالی جس کی تعریف اس کے جموں اور کشمیر کی زمین اور وسائل پر اس کے ظالمانہ اور وحشیانہ قبضے سے کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ریاست جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کی قرار دادوں کے مطابق بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے'۔

پاکستانی نمائندے کا کہنا تھا کہ 'ریاست کا حتمی نظریہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام ایک آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے جمہوری طریقوں کے مطابق کیا جائے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'مقامی کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کو استعمال کرنا چاہتی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیریوں کو جائز حق ہے کہ وہ اپنے اختیار میں ہر طرح سے قبضے کے خلاف مزاحمت کریں، اس جدوجہد کی تردید نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی اسے دہشت گردی قرار دیا جاسکتا ہے، یہ قابض ریاست ہے جو مقبوضہ عوام کے خلاف دہشت گردی کی قصوروار ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'تمام ظالموں کی طرح بھارت کو بھی یقین ہے کہ وہ ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کی جائز مزاحمت کو ختم کر سکتا ہے، اس کی کتاب میں دباؤ کا متبادل اور زیادہ دباؤ ہے لیکن ماضی کے تمام نوآبادیاتی جابروں کی طرح بھارت بھی اپنے قبضے کی حکمت عملی میں ناکام ہو جائے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'ایک دن کشمیر آزاد ہوگا، یہ نہ صرف تاریخ کا سبق ہے بلکہ یہ انصاف کا تقاضا بھی ہے'۔

ذوالفقار چینہ کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی عوام، عالم اسلام اور تمام آزادی پسند لوگ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں'۔