ہندو لڑکے کی مسلم لڑکی سے نکاح کی کوشش ناکام ، اصلیت سامنے آنے پر دلہن کے اہلخانہ نے دلہے کی درگت بنا ڈالی

بھارت (نیوز ڈیسک) : بھارت میں ایک ہندو لڑکے کو دھوکے سے مسلمان لڑکی سے شادی کرنے کی کوشش کرنا مہنگا پڑ گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندو لڑکے نے مسلمان لڑکی سے شادی کی کوشش تو پوری کی لیکن عین نکاح کے موقع پر بھانڈا پھوٹ گیا۔ مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں مسلمان لڑکی سے پسند کی شادی کرنے والا لڑکا ہندو نکلا۔
نکاح خواں نے نکاح کے دوران ہی دلہے کا ڈرامہ بے نقاب کر دیا۔ ہوا کچھ یوں کہ نکاح خواں نے عین نکاح کے وقت لڑکے کی عربی تلفظ میں غلطی پر شک کا اظہار کیا ۔ نکاح خواں کی جانب سے شبہات کا اظہار کیے جانے پر جب دلہے کی تلاشی لی گئی تو دلہے کی جیب سے ایک کارڈ نکلا جس پر تصویر تو دولہے کی ہی تھی لیکن نام ہندوؤں والا تھا۔
دلہے کی جیب سے نکلنے والے کارڈ سے یہ بات سامنے آئی کہ مسلمان لڑکی سے نکاح کے لیے آنے والے اس لڑکے نے مسلمان ہونے کا دعویٰ تو کیا لیکن دراصل وہ ہندو مذہب سے تعلق رکھتا ہے۔
دلہے کے غیر مسلم ہونے کے انکشاف پر دلہن کے اہل خانہ نے دلہے کو پکڑا اور خوب درگت بنا ڈالی اور ساتھ آنے والے باراتیوں کو بھی دھر لیا۔ بھارتی میڈیا کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سدھارتھ نگر کے ایک نوجوان کی دو سال قبل ایک لڑکی سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی جس کے بعد دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہو گئی اور بات شادی تک آن پہنچی۔
لڑکی کو اندازہ تھا کہ اگر اس کے گھر والوں کو معلوم ہوا کہ لڑکا غیر مسلم ہے تو وہ شادی کے لیے ہاں نہیں کریں گے جس کی وجہ سے لڑکی نے اپنے اہلخانہ سے حقیقت چُھپائی اور لڑکے کے مسلمان ہونے کا ڈرامہ رچایا اور لڑکے کو بھی اپنے ساتھ اس ڈرامے میں شامل کر لیا۔ لڑکی کے اہلخانہ نے حقیقت سامنے آنے پر دولہے اور باراتیوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا اور شادی سے بھی انکار کردیا۔