شہباز شریف نے لندن جانے کی تیاری کر لی

 لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے لندن جانے کی تیاری پکڑ لی۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے لیے غیر ملکی ایئر لائن سے کل کی بکنگ کروالی گئی۔ بلیک لسسٹ سے نام نکلنے پر وہ کل ہی لندن روانہ ہو جائیں گے۔ شہبازشریف نے اپنے کینسر اور کمر کے ڈاکٹرز سے وقت لے رکھا ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف کی اپنا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا دیا۔ رجسٹرار آفس نے کہا کہ درخواست گزار نے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔ جسٹس علی باقر نجفی شہباز شریف کی درخواست پر عائد اعتراض پر سماعت کریں گے۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے اپنا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ شہباز شریف کی درخواست میں وفاقی حکومت ،وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔شہباز شریف نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ سے آشیانہ اقبال ریفرنس اور رمضان شوگر ملز ریفرنس میں ضمانت ملی، جس کے بعد بیرون ملک گیا اور پھر وطن واپس بھی آگیا، وفاقی حکومت کی جانب درخواست گزار کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، وفاقی حکومت کو درخواست گزار کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔