شیخ رشید احمد کی مولانا فضل الرحمان کو آزادی کشمیر کیلئے جلسے کرنے کی دعوت

ملک میں مہنگائی بڑھنے کی اصل وجہ سامنے آگئی۔ راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ مہنگائی اس لیے زیادہ ہوئی کہ چوروں نے بہت زیادہ لوٹا، ماضی میں ایسے معاہدے کیے گئے جس کی وجہ سے بجلی مہنگی کرنا پڑی۔ شیخ رشید نے یہ بھی بتا دیا کہ  رواں سال ہی مہنگائی اور بے روزگاری کو کنٹرول کریں گے۔ میں وقت سے پہلے بات کرتا ہوں اور لوگ مذاق اڑاتے ہیں، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا پی ڈی ایم والے استعفے نہیں دیں گے، ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے، میں نہیں چاہتا کہ پی ڈی ایم ایکسپوز ہوجائے، پی ڈی ایم کو کچھ نہیں ملنے والا، وزیراعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب تو بلاول زرداری بھی کہتے ہیں کہ عدم اعتماد لائیں گے، میں ان سے کہتا ہوں کہ عدم اعتماد ایک دفعہ نہیں سو دفعہ لائیں، پی ڈی ایم سے کہتا ہوں آئیں لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں، آپ کا استقبال کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا احترام کرتا ہوں، وہ بند گلی میں جارہے ہیں، ان کے ساتھ  ہاتھ ہو جائے گا۔ ان سے کہتا ہوں کہ وہ مدرسے کے بچوں کو پڑھنے دیں اور آئیں ہم ایک ساتھ اسرائیل کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے جلسے کرتے ہیں