ملک میں گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمتیں بڑھانا حکومت کے لئے چیلنج قرار

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملک میں گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کو حکومت کے لئے چیلنج قرار دے دیا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چینی مافیا کے گٹھ جوڑسے ایک بار پھرقیمتیں بڑھ رہی ہیں، قیمتوں میں استحکام کے لئے ہم نے گندم اور چینی کی امپورٹ کا فیصلہ کیا۔ گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمت بڑھ جانا حکومت کے لئے چیلنج ہے۔ قوم کو ن لیگ کے بجلی اور گیس سے متعلق کئے گئے معاہدوں نے جکڑا ہوا ہے، مہنگائی کی بنیاد ن لیگ نے رکھی اور ہم فصل کاٹ رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو سلیکٹڈ کہنا بند کیا جائے، پی ڈی ایم جماعتوں میں یکسوئی نہیں رہی، پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ پی ٹی آئی عدم اعتماد کی تحریک کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ براڈشیٹ کے ساتھ معاہدے میں ہمارا کوئی تعلق نہیں، اس معاملے کی تحقیقات کے لیے حکومت جس کو بھی نامزد کرے گی اپوزیشن اس پر اعتراض کرے گی۔