پاک چین دوستی، پاکستان کوکورونا ویکسین کی ایک کھیپ مفت فراہم کرنے کا اعلان

چین، پاکستان کو عالمی وباء کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی ایک کھیپ مفت فراہم کرے گا۔
اس بات کا اعلان چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونئنگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ چینی حکومت نے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے لیے کوویڈ 19 ویکسین کی ایک کھیپ بطور تحفہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک طویل عرصے سے وبا پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کو کورونا ویکسین برآمد کرنے کے لیے تیز رفتار منصوبہ تیار کر رہے ہیں تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ویکسین کی کتنی مقدار بھیجی جائے گی اور وہ ویکسین کون سی ہوگی۔ دو روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ چین نے 31 جنوری تک پاکستان کو کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں بطور تحفہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔