کورونا وائرس قابو نہ آسکا، حملے کبھی تیز کبھی ہلکے

ملک بھرمیں کورونا وائرس کے حملے کبھی تیز کبھی ہلکے۔۔ صورتحال بے قابو ہوتی نظر آرہی ہے۔۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید 55 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 450 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے مزید 2 ہزار 123 مثبت کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اب تک سندھ میں 2 لاکھ 28 ہزار 949 ، پنجاب میں ایک لاکھ 46 ہزار 525، خیبر پختونخوا میں 62 ہزار 018، اسلام آباد میں 39 ہزار 462، بلوچستان میں 18 ہزار467، آزاد کشمیرمیں 8 ہزار521 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار102 ہے جبکہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اب تک اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر پاکستان میں 10 ہزار 772 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا سےایک دن میں 2 ہزار 973 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔