وزیراعظم عمران خان ' ہم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی کوئی پیشکش نہیں کی ہے

ہم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی کوئی پیشکش نہیں کی ہے' وزیراعظم عمران خان

پشاور میں وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اور مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں، جب یہ لاہور جلسہ کررہے تھے تو پوری قوم نے دیکھا میں کیا کررہا تھا، ہم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی کوئی پیشکش نہیں کی ہے، اپوزیشن بڑےجلسے کررہی ہے، میں چاہوں تو اب بھی ان سے بڑا جلسہ کر سکتا ہوں، لیکن مجھے عوام کو کورونا سے بچانے کی فکر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول افسوسناک تھا لیکن سانحہ اے پی ایس نے قوم کومتحد کیا، قوم نے اتحاد سے دہشت گردی کو شکست دی اورفیصلہ کیا کہ مل کردہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام شہریوں کوہیلتھ کارڈ دیئے جائیں گے، حکومت کے پاس اتنے پیسے اور وسائل نہیں ہیں کہ پورے ملک میں اسپتال بنائیں، جتنا بھی ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے اس کا آدھا تو قرضوں کی مد میں چلا جاتا ہے، ہیلتھ کارڈ سے پرائیویٹ یا گورنمنٹ اسپتال میں علاج کرایا جاسکے گا، پنجاب اورخیبر پختونخوامیں سستے داموں پرائیویٹ اسپتالوں کیلئے زمین دی جائیگی۔