علی گل پیر حادثے کا شکار ہوگئے

علی گل پیر فائل فوٹو علی گل پیر

کامیڈین و ریپر علی گل پیر حادثے کا شکار ہوکر اپنی ٹانگ کی ران کی ہڈی تڑوا بیٹھے۔

گلوکار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں حادثے کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں علاج کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے ساتھ ہونے والے واقعے سے آگاہ کیا۔

گلوکار کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ حادثے کا شکار کیسے ہوئے؟ تاہم انہوں نے اپنے ایکسرے کی تصویر بھی شیئر کی، جس سے واضح ہوتاہے کہ ان کی ران کی ہڈی ٹوٹ گئی۔

اداکار و ریپر نے اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ دوسرے لوگوں کی مدد سے چلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

تاہم خیال کیا جا رہاہے کہ علی گل پیر 25 اکتوبر کے بعد حادثے کا شکار ہوئے ہوں گے، کیوں کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر آخری پیروڈی ویڈیو 25 اکتوبر کو ہی شیئر کی تھی۔

مذکورہ ویڈیو کے بعد اداکار نے سوشل میڈیا پر کوئی بھی پوسٹ شیئر نہیں کی، البتہ انہوں نے حادثے کی اطلاع انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے دی۔

علی گل پیر سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور وہ ہر ایک یا دو ہفتوں بعد کسی نے کسی شخصیت کی نقل اتارنے کی ویڈیو شیئر کرتے رہتے ہیں۔

گلوکار نے بتایا کہ وہ دو ماہ تک بستر پر رہیں گے—اسکرین شاٹ
گلوکار نے بتایا کہ وہ دو ماہ تک بستر پر رہیں گے—اسکرین شاٹ
انہیں ان کی پیروڈی ویڈیوز سمیت ان کے

سماجی کامیڈی طنزیہ گانوں کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہے۔

علی گل پیر کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ایک جاگیردار گھرانے سے ہے، تاہم وہ اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کراچی سے بھی تعلیم حاصل کی اور یہیں سے اپنے کیریئر کے بطور گلوکار شروعات کی۔

علی گل پیر جب کم عمر تھے تو ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی اور انہوں نے بچپن اپنی والدہ کے ساتھ گزارا۔