129

چودھری شافع حسین دوبارہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر منتخب

لاہور: چودھری شافع حسین کو پاکستان کبڈی فیڈریشن کا چار سال کے لئے دوبارہ بلامقابلہ صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔

قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ چار سال کیلئے عہدیداروں کیلئے الیکشن کا انعقاد کرتے ہوئے چودھری شافع حسین کو پاکستان کبڈی فیڈریشن چار سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب کرلیا گیا۔

انتخابات نائب صدر انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن ڈاکٹر عباس کی زیرنگرانی منعقد ہوئے۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کی ٹیم کو وعدہ کے مطابق جلد ازجلداعزازی چیک دیں، چودھری شجاعت حسین نے پاکستان میں کبڈی کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کیاہے۔

قائم مقام گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ چودھری شافع حسین نے تاریخ میں کبڈی ورلڈکپ پاکستان میں کروایا، کبڈی کی تاریخ میں پاکستان پہلی بار ورلڈکپ 2020 جیتا۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کبڈی کا کھیل پاکستان کی پہچان ہے، پنجاب کے گھبرو جوانوں کا پسندیدہ کھیل بھی ہے، پاکستان کبڈی فیڈریشن کی بنیاد چودھری ظہور الٰہی شہید نے 1964 میں رکھی،انہوں نے کبڈی فیڈریشن میں اوور سیز پاکستانیوں کو شامل کیا جبکہ کبڈی فیڈریشن کی کامیابی میں چودھری شافع حسین کا کردار قابل تحسین ہے۔

قائم مقام گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گا پنجاب کے روایتی کھیلوں کو ختم نہیں ہونے دیں گے، ان کو نئی زندگی دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، بطور ڈپٹی پرائم منسٹر پاکستان میں کبڈی کے فروغ کیلئے ثمر آور کوششیں کیں جبکہ عالمی سطح پر کھیلوں کے انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔

صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین نے کہا کہ الحمدللہ کورونا کنٹرول ہو گیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ کبڈی کے میچز پاکستان میں کروائے جائیں گے، گوادر میں بھی کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں چین کی کبڈی ٹیم کو بھی بلایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں