اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کر کے پاناما اور اقاما کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔پیر کو مریم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) پنجاب کا گرینڈ مشاورتی اجلاس ہوا جس میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ‘سینٹرل فسیلی ٹیشن کنٹرول سینٹر’ قائم کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کر کے پاناما اور اقاما کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا۔انہوں نے کہا کہ کوئی زخمی پڑا ہو تو کیا اسے نہیں بچانا چاہیے؟ اسی طرح ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کی قیمت ہم نے ادا کی ہے، پاکستان کے درد کی خاطر ہم نے خلوص سے یہ قربانی دی ہے۔اس کےعلاوہ حمزہ شہباز نے بھی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے زخم کھا کر بھی پاکستان کے زخموں پر مرہم رکھا ہے، نوازشریف کے وزیراعظم بننے کا مطلب مہنگائی کے عذاب کم کرنا ہے، قوم کو سوال پوچھنا چاہیے کہ نوازشریف کے دور کے بعد مہنگائی کیوں ہوئی؟ نوازشریف نے عوام کو ریلیف دیا تھا، پھر کس نے عوام کو تکلیف دی ؟دوسری طرف ن ليگ کے صدر شہباز شریف برطانیہ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، انہوں نے لندن میں تقریباً ایک ماہ قیام کیا۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن پہنچیں گے اور ن لیگ نے ان کے فقید المثال استقبال کا اعلان کر رکھا ہے۔
