0

نئی سیاسی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی“ کا باضابطہ اعلان کر دیاگیا

اسلام آباد:پاکستان کی سیاست میں ایک اورسیاسی جماعت کا اضافہ ہوگیا ، جہانگیرترین گروپ نے نئی سیاسی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی“ کاباضابطہ اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ ملک نازک دورسےگزررہا ہے،روایتی سیاستدان نہیں تھااس لیےتاخیر سے سیاست میں آیا،ایک جذبےکےساتھ تحریک انصاف میں شامل ہواتھا،پی ٹی آئی کومضبوط سیاسی قوت بنانےکیلئے بھرپورجدوجہد کی۔سینئرسیاستدان نے نومئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات نہیں ہونے چاہیے تھے،پاکستان سے انتشارکو ختم کرنا ہے۔ سانحہ نو مئی میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 2013کےبعد پی ٹی آئی میں نیاجوش اورجذبہ پیداکیا، لیکن جس طرح چاہتے تھے معاملات اس طرح نہیں چل سکے،ملک میں اصلاحات کیلئےجدوجہد کی لیکن ایسا نہ ہوسکا ، اپنی جدوجہد کے دوران اس بات کو یقینی بنایا کہ پی ٹی آئی ایسی قوت بنے کہ ہر الیکشن جیتے۔جہانگیرترین نے کہا پاکستان کی سیاست کو نئی سمت کی ضرورت ہے ۔ جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے حکومت اوراپوزیشن کواپنی آئینی ذمے داریوں کو پورا کرنا ہوگا ، آنے والے دنوں میں اپنا اصلاحاتی ایجنڈا منظرعام پرلائیں گے۔اس موقع پرسینئرسیاستدان عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمیں خوشحال پاکستان کا خواب دکھایا گیا،ہم جو کرسکتے تھے، ہم نے جدوجہد میں حصہ ڈالنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال سے تمام پاکستانی پریشان ہیں، اسی صورتحال میں ہم سب نے ملکرفیصلہ کیا کہ ملکی سیاست میں کردارادا کیا جائے، اورسب ایک ہی پلیٹ فارم پراکٹھے ہوں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایک پارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا،جہانگیرترین نےسب کواکٹھا کرنے میں بڑےپن کامظاہرہ کیا،ہم نےگزشتہ11سے12سال ایک ہی پلیٹ فارم پرگزارے،جہانگیرترین کی سیاسی بصیرت سےسب ایک پلیٹ فارم پراکٹھےہیں،نومئی کےبعد دردِ دل رکھنے والے پاکستانیوں نےنئی جماعت کافیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکرکراس نئی سیاسی جدوجہد اپناحصہ ڈالیں گے،انتشارختم کرکے پاکستان کوترقی کے سفرپرگامزن کرنا چاہتے ہیں ۔ اس لئے جہانگیرترین کی رہنمائی میں ایک پلیٹ فارم پراکھٹے ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سب ملکر سیاسی جدوجہد میں حصہ ڈالیں گے ۔سینئرسیاستدان عبدالعلیم خان نے کہا کہ انتشار پاکستان کو کھوکھلا کررہا ہے، پاکستان سے انتشار کو ختم کرنا ہے پاکستان کو خوبصورت ترقی یافتہ ملک بنانا ہے،ایسا پاکستان بنائیں گےجس میں عوام، پارلیمان، عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہوں۔تقریب میں تحریک انصاف کے سابق رہنما تنویرالیاس،محمودمولوی،فردوس عاشق اعوان، فوادچوہدری،عمران اسماعیل،عامرکیانی،علی زیدی، فیاض الحسن چوہان اور دیگر بھی موجودتھے۔“استحکام پاکستان پارٹی “کا جھنڈا”استحکام پاکستان پارٹی“ کا جھنڈا سرخ ، سفید اور ہرے رنگ پر مشتمل ہے۔ اس میں چاند ستارہ بھی واضح ہے، جس کا مقصد قوم کو امید دلاناہے ،اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور اصلاحات پہلی ترجیح قراردی گئی ہے۔خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں 100 سے زائد تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور ٹکٹ ہولڈرز نے عمران خان کو خیرباد کہتے ہوئے“ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے اورآئندہ دنوں میں الیکٹیبلز پارٹی میں شامل ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں