0

عمران خان کے قریبی ساتھی جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کا پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناح ہاؤس کے سامنے احتجاج کا منصوبہ تھا، توڑ پھوڑ کا نہیں۔انہوں نے نیشنل پریس کلب میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہیے، 9 مئی تاریخ کا سیاہ دن تھا، جناح ہاؤس کے سامنے غیر متوقع حالات دیکھے تو 6 بجے وہاں سے چلا گیا تھا۔ انہوں نے سیاست اور پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا سیاست کو چھوڑنا ہمارے لیے کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن جب سیاست نہیں کر رہے تو پارٹی کے ساتھ بھی نہیں جڑے رہ سکتے، سیاست میں عوام کی خدمت کے لیے آئے تھے، 9 مئی کوایک افسوس ناک سانحہ ہوا، میری زندگی کا بدترین دن تھا۔مسرت جمشید چیمہ نے سیاست اور پی ٹی آئی کو خیرباد کہتے ہوئے کہا میرے لیے اپنے شوہر اور بچوں کی زندگی اولین ترجیح ہے، خدا کرے آئندہ کبھی کوئی ایسا دن ہماری زندگیوں میں نہ آئے، جنرل ریٹائرڈ باجوہ کیلئے جو بھی بات کی وہ ادارے کیلئے نہیں تھی،انفرادی طور پر تنقید کی گئی، خان صاحب سے جو بات ہوئی علم تھا ریکارڈ ہو رہی ہے، کوئی بھی بات فون کال پر قابل اعتراض نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا عمران خان نے پہلے بھی نو مئی کی مذمت کی ہے، میں ان کے اس رویے سے خوش ہوں، ہماری ضد اور انا ختم ہونی چاہیے اور ملک کا سوچنا چاہیے۔جمشید چیمہ نے کہا 9 مئی کو ساڑھے 5 بجے خان صاحب کی گرفتاری کی خبر ملی، 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے وقت میں جناح ہاؤس کے سامنے گیا، 9 مئی کو احتجاج کرنا پلان میں تھا ،تنصیبات پر حملہ کرنا غیر متوقع تھا، غیر متوقع حالات دیکھے تو 6 بجے وہاں سے چلا گیا،9 مئی کے واقعات سے جمہوریت کو نقصان پہنچا، ہم واقعات کو روکنے میں ناکام رہے، سیاسی کارکن کی تربیت ہونی چاہیے کہ وہ پر امن رہے۔انہوں نے کہا اگر کارکن پر امن نہیں تو اس کا مطلب ہے ک پارٹی کے بیانیے میں فرق ہے، ہم اس ناکامی کو مانتے ہیں، بد قسمتی سے جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، رجیم چینج کےبعد عمران خان کے بیانیے کو نہ روکنا ہمارا بھی قصور ہے۔واضح رہے کہ جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں