153

عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ، کارکنان رات گئے زمان پارک کے باہر جمع

لاہور(نیوز ڈیسک ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشات کے پیش نظر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے زمان پارک کے باہر جمع ہو گئی۔پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پارٹی چیئرمین کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر کارکنان کو زمان پارک کے باہر اکٹھے ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔زمان پارک کے باہر جمع ہونے والے کارکنان نے سابق وزیر اعظم کے حق میں اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کیلئے ماحول بنایا جا رہا تھا، حکومت ہوش کے ناخن لے اور گرفتاری کا فیصلہ کرنے سے پہلے سو بار سوچے، عمران خان کی حفاظت کیلئے کارکن تعینات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یقین دہانی کرانا ہوگی کہ عمران خان زمان پارک میں محفوظ رہیں گے، کسی مائی کے لال میں جرات نہیں کہ وہ عمران خان کو گرفتار کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں