77

ملکی آبادی میں اضافے کیلیے اقدامات ابھی یا کبھی نہیں کی بنیاد پر کرنے ہیں؛ جاپان

ٹوکیو( نیوز ڈیسک ) جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے شرح آبادی میں خطرناک حد تک کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان کی سکڑتی آبادی کو روکنا ناگزیر ہوگیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ ابھی یا کبھی نہیں کی بنیاد پر حل ہونا چاہیے۔قبل ازیں پارلیمنٹ سے خطاب میں وزیراعظم فومیو کیشیدا نے کہا تھا کہ وہ جون تک بچوں سے متعلق پالیسیوں کے لیے بجٹ کو دوگنا کرنے کے منصوبے پیش کریں گے اور اس معاملے کی نگرانی کے لیے بچوں اور خاندانوں کی ایک نئی سرکاری ایجنسی اپریل میں قائم کی جائے گی۔سال کے پہلے پارلیمانی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم فومیو کیشیدا کا مزید کہنا تھا کہ ہماری قوم اس بات کے دہانے پر ہے کہ آیا وہ اپنے سماجی افعال کو برقرار رکھ سکتی ہے یا نہیں۔خیال رہے کہ جاپان میں شرح پیدائشں گزشتہ برس پہلی بار 8 لاکھ سے کم ہوگئی جو کم ترین سطح ہے۔ جس کے تدارک کے لیے جاپان زیادہ بچے پیدا کرنے پر نقد بونس اور بہتر فوائد کی پیشکش بھی کر رہا ہے۔یووا پاپولیشن ریسرچ سروے کے مطابق جاپان بچوں کی پرورش کے لیے چین اور جنوبی کوریا کے بعد دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک ہے۔واضح رہے کہ جاپان کی طرح چین میں بھی گزشتہ برس 60 برسوں میں پہلی بار شرح آبادی کم ترین سطح پر دیکھی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں